3 جون 2013 - 19:30
شام کا مقابلہ کرنے لیے امریکہ کا اردن میں اڈہ قائم کرنے کا منصوبہ

امریکہ اردن میں ہونے والی مشترکہ جنگی مشقوں کے بہانے پیٹریاٹ میزائل اور ایف 16 طیارے عمان بھیجے گا۔

ابنا: امریکہ اردن میں ہونے والی مشترکہ جنگی مشقوں کے بہانے پیٹریاٹ میزائل اور ایف 16 طیارے عمان بھیجے گا۔ فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ٹی جی ٹیلر کے مطابق پیٹریاٹ میزائل لانچنگ پیڈ اور ایف 16 لڑاکا طیاروں کو اردن بھیجنے کی منظوری دے دی گئی ہے جو ایگر لائن نامی فوجی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اردن کی حکومت کی درخواست پر دفاعی خدشات کے پیش نظر فوجی مشقوں کے بعد کچھ اسلحہ عمان میں رکھا جائے گا، تاکہ شام کی خانہ جنگی سے پیدا ہونے والے خطرے سے نمٹا جاسکے۔ پاکستان سمیت 18 ممالک ان مشقوں میں حصہ لیں گے جو دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔ ادھر ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پیٹریاٹ میزائلوں کی اردن منتقلی ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب امریکی صدر باراک اوباما نے شامی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کو جدید میزائلوں کی ترسیل فوری طور پر بند کرے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں پیٹریاٹ بیٹریوں اور ایف سولہ طیاروں کی منتقلی سے اب ان خدشات کو بھی ہوا مل رہی ہے کہ ممکنہ طور پر امریکہ شام میں فوجی مداخلت کرسکتا ہے۔ امریکہ نے بھی کہا ہے کہ وہ شام کی طرف سے خطرے کا مقابلہ کرنے میں مدد دینے کے لیے ایف 16 طیاروں اور پیٹریاٹ میزائل کی بیٹری اردن بھیجے گا اور ممکنہ طور پر انھیں وہیں رکھا جائے گا۔ ایک امریکی عہدے دار نے کہا کہ یہ اسلحہ اردن کی سرحد کے ساتھ بڑھتے ہوئے تشدد کے پیشِ نظر وہیں رکھا جاسکتا ہے۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ فی الحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ آیا یہ جیٹ اور میزائل لانچر اردن میں رکھے جائیں گے یا نہیں۔ دیگر ذرائع کے مطابق پینٹاگون کے عہدیداروں نے 3 جون سوموار کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے اردن کی اس درخواست سے اتفاق کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ "ایگر لائن" فوجی مشقوں کے اختتام تک امریکی میزائل لانچر اور جیٹ اردن میں ہی رکھے جائیں۔ شام کے جنوبی ہمسایہ ملک اردن میں پیٹریاٹ میزائل اور امریکی ایف 16 طیارے بھیجنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ چند ماہ پہلے ہی شام کے شمالی ہمسایہ ملک ترکی میں نیٹو نے 6 پیٹریاٹ میزائل سسٹم نصب کئے ہیں۔ امریکہ نے اب تک اردن میں 200 اور ترکی میں 400 فوجی تعینات کئے ہیں۔ امریکی سینیٹر جان مکین جس نے گذشتہ ہفتے ہی شام کا دورہ کیا تھا اور اس دورہ میں شام میں سرگرم عمل بیرونی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہوں کے کمانڈورن سے ملاقات کی تھی، اپنے اردن کے حالیہ دورے کے دوران "جارڈن ٹائمز" کے ساتھ گفتگو میں جان مکین نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں پیٹریاٹ میزائلوں اور ایف 16 طیاروں کی تعیناتی کا مقصد شام میں بشار الاسد حکومت کے خلاف لڑے والے عسکریت پسندوں کے لئے ایک بفرزون قائم کرنا ہے۔ گذشتہ سوموار کو یورپی یونین کی طرف سے شامی باغیوں کو اسلحے کی ترسیل پر سے پابندی ہٹانے کے بعد سے شام کی صورتحال اور پیچیدہ ہوگئی ہے۔ اگرچہ یورپی یونین کے اس فیصلے کو فرانس اور برطانیہ کی حمایت حاصل ہے، تاہم جرمنی سمیت بہت سے یورپی ممالک اب بھی اس فیصلے کی شدت سے مخالفت کر رہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲